تاثیر 28 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ ( پریس ریلیز) قوم و ملت کی تعمیر و تشکیل اور ملک کی ترقی میںقابل ذکر اورنمایاں کردار پیش کرنے کیلئے طلبا ءایجو کیشنل، پروفیشنل اور ٹیکنیکل شعبۂ تعلیم میں دلچسپی پیدا کریں۔ آپ جہاں تعلیم کے مختلف شعبے میں اپنی کارکردگی سے ملک و ملت کی تعمیر و ترقی میں اپنا تعاون پیش کرسکتے ہیں وہیں سائنس و ٹیکنا لوجی کے شعبے میں بہتر کارکردگی سے اپنے والدین، خاندان کانام روشن کرتے ہوئےملک و ملت کی ترقی کے حصہ دار بن سکتے ہیں۔یہ باتیں بہار پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئر مین امتیاز احمد کریمی نے زیر تعلیم طلبا وطالبات سے بطور رہنمائی کہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال چندریان تھری کی چاند پر کامیاب لینڈنگ نےملک کے شان و افتخار بلند کیا۔ اسرو کی اس مہم میں شامل قوم کے بچوں نے جو کارنامے انجام دئیے ہیں وہ قابل فخر اور لائق تقلید ہیں۔ طلبا و طالبات کو ان سے سیکھ حاصل کرنی چاہئے ، ان سے درس لینا چاہئے۔جناب کریمی نے کہا کہ سائنس انسانی عقل اور سوجھ بوجھ کے دریچے کھولتی ہے ۔ سائنس کا اصل مقصد ہماری سوجھ بوجھ اور علم میں اضافہ کرنا ہے۔ آج ہر سائنسی کھوج ہر سائنسی عمل اور ہر سائنسی معلومات بنی نوع انسان کا حق ہو نا چاہیے۔ سائنس کی ہر کھوج، ہر نتیجہ ہر منزل، ہر تجربہ دنیا کے کیلئے ہے۔سائنس کی کوئی سرحد نہیں ہے اور سائنسدان بننے کے لیے جذبہ شرط ہے۔ اہم دریافتوں اور ایجادات سے سائنسدان عام لوگوں کے مسائل اور چیلنجوں سے نمٹتے ہیں۔انہوں نے طلبا و طالبات کو سائنس سبجیکٹ میں بھر پور دلچسپی لینے اورمحنت اور لگن سے سائنس پڑھنے کی بات کہی اورکہا کہ آپ سائنسداں بن کر قوم و ملت کا نام روشن کریں۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ طلبا میتھ، فیزکس، کیمسٹری ، بائیولوجی سمیت سبھی سبجیکٹ میں سخت محنت کریں ۔سائنس پڑھیں اورسائنٹسٹ بن کر والدین، خاندان ، ریاست اور ملک وقوم کا سر فخر سے بلند کریں۔ جناب کریمی نے کہا کہ مری دلی خواہش ہے کہ طلباء و طالبات علامہ اقبال کے اس شعر’’ محبت مجھے ان نوجوانوں سے ہے، ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند‘‘ کے مصداق بنیں۔جناب کریمی نے کہا کہ ہر طرح کی پڑھائی کے لئے محنت شرط ہے۔ محنت کے بغیر بہترین کامیابی کا تصور محال ہے۔ اس لئے جو بھی پڑھیں محنت او رلگن سے پڑھیں۔ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

