ملک میں پٹرول، ڈیزل اور خام تیل کا وافر ذخیرہ موجود، ایل پی جی کی سپلائی مستحکم :مرکزی حکومت

تاثیر 16 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 15 جون:مرکزی حکومت نے پیر کے روز کہا کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی سپلائی مستحکم بنی ہوئی ہے۔ مغربی ایشیا کے بحران کے باوجود ریفائنریز اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور خام تیل کا وافر ذخیرہ بھی برقرار رکھا جا رہا ہے۔
پٹرولیم اور قدرتی گیس وزارت کی جوائنٹ سیکریٹری سجاتا شرما نے نئی دہلی میں بین وزارتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پٹرول، ڈیزل اور گھریلو رسوئی گیس (ایل پی جی سلنڈر) کی سپلائی مستحکم ہے۔ ریفائنریز پوری صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور خام تیل کا کافی ذخیرہ موجود ہے۔
سجاتا شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگرچہ کچھ ریٹیل آؤٹ لیٹس پر فروخت میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ صنعتی، براہِ راست، ادارہ جاتی اور تجارتی صارفین نے اب ریٹیل آؤٹ لیٹس سے ایندھن خریدنا شروع کر دیا ہے، جس کے باعث وہاں فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ مئی میں 42 کروڑ ڈیزل کی فروخت بلک سے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر منتقل ہوئی۔