تاثیر 03 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 3 جون: بہار کی راجدھانی پٹنہ میں خان سر کے کوچنگ سینٹر پر حملہ معاملے میں پولیس نے تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار بدمعاشوں میں گیان بندو کوچنگ کے ڈائریکٹر روشن ا?نند اور ان کے دو ساتھی ابھیشیک اور گورو شامل ہیں۔ پولیس تینوں سے مسلسل پوچھ گچھ کر رہی ہے اور مکمل تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران اہم سراغ اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر گیان بندو کوچنگ کے ڈائریکٹر روشن ا?نند اور ان کے دو ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا۔ بعد میں پوچھ گچھ اور شواہد کی تصدیق کے بعد تینوں کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔
ٹاو?ن سب ڈویڑنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او۔1) راجیش رنجن نے بدھ کے روز گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کے ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کو چیلنج کرنے والے کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ پولیس شواہد کی بنیاد پر غیر جانبدارانہ کارروائی کر رہی ہے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کر رہی ہے۔
تینوں بدمعاشوں کی گرفتاری کے بعد شہر میں واقعے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ پولیس حکام واضح طور پر کہتے ہیں کہ تمام کارروائی دستیاب شواہد اور تحقیقات کی بنیاد پر کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی بے گناہ کو ہراساں نہیں کیا جائے گا اور اگر تحقیقات میں دوسروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تو ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس معاملے میں ایک اہم انکشاف یہ ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں فائرنگ کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس واقعے کے بعد فائرنگ کی افواہیں پھیلنے کے باوجود پولیس کی تفتیش کو ابھی تک ایسا کوئی واضح ثبوت نہیں ملا۔

