انکت شرما قتل معاملہ: طاہر حسین سمیت 5 افراد کی سزا پر 23 جولائی کو سماعت

تاثیر 14 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 جولائی: دہلی کی کڑکڑڈوما کورٹ نے سال 2020 کے دہلی فسادات کے دوران انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے افسر انکت شرما کے قتل کے مقدمے میں طاہر حسین سمیت پانچ مجرم قرار دیے گئے افراد کی سزا پرسماعت کے لئے 23 جولائی کی تاریخ مقررکی ہے۔ ایڈیشنل سیشنز جج پروین سنگھ نے یہ حکم جاری کیا۔
عدالت نے 13 جولائی کو پانچوں ملزمان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے اس مقدمے کے دیگر چھ ملزمان کو بری کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ عدالت نے طاہر حسین کے علاوہ ناظم، قاسم، انس اور جاوید کو بھی مجرم قرار دیا۔ جبکہ جن ملزمان کو بری کیا گیا ان میں حسین عرف ملا جی عرف سلمان، سمیر خان، فیروز، گلفام، شعیب عالم عرف بوبی اور منتظم عرف موسیٰ شامل ہیں۔
دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے 3 جون 2020 کو اس مقدمے میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ کرائم برانچ کی چارج شیٹ کے مطابق 24 اور 25 فروری 2020 کو طاہر حسین نے اپنے گھر اور چاند باغ پلیا کے قریب واقع مسجد سے ہجوم کی قیادت کی اور اسے فرقہ وارانہ رنگ دیا۔ چارج شیٹ میں کہا گیا تھا کہ انکت شرما کے قتل کی باقاعدہ سازش رچی گئی تھی۔ انکت شرما کو طاہر حسین کی قیادت میں موجود ہجوم نے خاص طور پر نشانہ بنایا۔ واردات خجوری خاص علاقے میں واقع طاہر حسین کے گھر کے باہر پیش آئی۔ قتل کے بعد ہجوم نے انکت شرما کی لاش ایک نالے میں پھینک دی۔