ایم پی میں بھوج شالہ تنازعہ پھر گرمایا ، چالیس پیر درگاہ پر جمعہ کی نماز نہیں ہوئی

تاثیر 24 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

دھار، 24 جولائی: مدھیہ پردیش کے دھار ضلع ہیڈ کوارٹر میں واقع تاریخی بھوج شالہ-مسجد کمال مولیٰ احاطے کو لے کر جاری تنازعہ ایک بار پھر گرما گیا ہے۔ یہاں جمعہ کے روز انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ مالی واڑا میں چالیس پیر درگاہ کے پاس جمعہ کی نماز ادا نہیں کی گئی۔ مسلم فریق نماز کے لیے بھوج شالہ کے پاس والی جگہ دینے کے مطالبے پر اڑا ہوا ہے۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ 14 جولائی کو مسلم فریق کو جمعہ کی نماز کے لیے بھوج شالہ کے پاس جگہ فراہم کرنے کی ہدایت ضلع انتظامیہ کو دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ ہر جمعہ کو دوپہر 1 سے 3 بجے کے درمیان نماز کے لیے متبادل جگہ مہیا کرائی جائے۔ اس کے بعد ضلع انتظامیہ نے مالی واڑا گاوں میں چالیس پیر درگاہ کے پاس نماز کی جگہ مقرر کی تھی لیکن مسلم برادری نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اسی کو لے کر جمعرات کی دیر رات ضلع انتظامیہ اور مسلم برادری کے نمائندوں کے درمیان تقریباً دو گھنٹے تک چلی میٹنگ میں دیگر ممکنہ مقامات کی تجویز رکھی گئی لیکن نماز کی متبادل جگہ کو لے کر اتفاقِ رائے نہیں بن سکا۔ اس کے باعث جمعہ کو انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ مالی واڑا میں چالیس پیر درگاہ کے پاس جمعہ کی نماز ادا کرنے کے لیے کوئی نہیں پہنچا۔ سیکورٹی کے پیشِ نظر انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے موقع پر تمام انتظامات کیے گئے تھے۔