تاثیر 24 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سرینگر، 24 جولائی: ایگزیکٹیو انجینئر، اریگیشن اینڈ فلڈ کنٹرول (آئی اینڈ ایف سی) ڈویڑن سمبل، عمر جان بھٹ نے جمعہ کو کہا کہ سمبل سوناواری کے ونگی پورہ میں مسلسل شدید بارش کے بعد دریائے جہلم کے پانی کی سطح میں حالیہ اضافہ کے باوجود سیلاب کی صورتحال قابو میں ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئر نے کہا کہ جہلم میں پانی کی سطح اس وقت ساڑھے 12 فٹ کے قریب ہے جو خطرے کی سطح سے نیچے ہے۔ انہوں نے عوام سے نہ گھبرانے کی اپیل کی اور یقین دلایا کہ محکمہ صورتحال پر چوبیس گھنٹے گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ونگی پورہ پشتے کے ساتھ حالیہ نقصان اور رساؤ کا حوالہ دیتے ہوئے، عمر جان بھٹ نے واضح کیا کہ یہ مسئلہ علاقے میں جاری قومی شاہراہ کے تعمیراتی کاموں کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے فوری طور پر کام کیا اور پشتے کو مضبوط بنانے کے لیے ہنگامی بحالی اور مضبوطی کے کام پہلے ہی شروع کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشتے کو محفوظ کر لیا گیا ہے اور آس پاس کے علاقوں کو فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ آئی اینڈ ایف سی دریا کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، جبکہ رہائشیوں سے پرسکون رہنے اور غیر ضروری گھبراہٹ سے بچنے کی اپیل کی گئی ہے۔

