تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 18 جولائی: ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا نے عظیم کرکٹر سر گارفیلڈ سوبرز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ویسٹ انڈیز کا اب تک کا ’بہترین کھلاڑی‘ قرار دیا ہے۔ لارا نے کہا کہ سوبرز کی میراث کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔
انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں لارا نے لکھا،’’ہمارے سب سے عظیم کھلاڑی ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، ان کے خاندان کے ہر فرد کے ساتھ میری گہری تعزیت ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا اور انہیں وہ طاقت دی جس کی انہیں سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ میری دعا ہے کہ ان کے خاندان کو اس انتہائی مشکل وقت میں سکون اور طاقت ملے۔ سکون سے آرام کریں، عظیم کھلاڑی۔ آپ کی میراث کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔‘‘
سوبرز کرکٹ کی تاریخ کے عظیم آل راؤنڈرز میں سے ایک تھے
سر گارفیلڈ سوبرز نے 1954 سے 1974 کے درمیان ویسٹ انڈیز کے لیے 93 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ اس عرصے کے دوران انھوں نے 57.78 کی اوسط سے 8,032 رن بنائے جس میں 26 سنچریاں شامل تھیں۔گیندبازی میں انہوں نے 235 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
بائیں ہاتھ کے ایک شاندار بلے باز ہونے کے ساتھ ساتھ، سوبرز تیز گیند بازی، بائیں ہاتھ کے آرتھوڈوکس اسپن اور چائنا مین اسپن ، تینوں میں ماہر تھے۔ ان کی فیلڈنگ بھی غیر معمولی تھی، جس نے انہیں کرکٹ کی تاریخ کے سب سے مکمل کھلاڑیوں میں سے ایک بنا دیا۔

