تاثیر 11 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفیٰ) سٹی ایس پی اشوک کمار نے ہفتہ کے روز سمری تھانے کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران انہوں نے تھانہ کے احاطے کی صفائی، دفتری انتظامات، ریکارڈ کی دیکھ بھال، مال خانہ، حوالات اور تھانے میں درج زیرِ التوا مقدمات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس افسران کو زیرِ التوا مقدمات کو جلد نمٹانے اور تفتیشی عمل میں تیزی لانے کی ہدایت دی
سٹی ایس پی نے تھانہ کے مختلف رجسٹروں اور سرکاری ریکارڈ کا باریک بینی سے معائنہ کرتے ہوئے ریکارڈ کو ہمہ وقت تازہ رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش میں غیر ضروری تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تمام زیرِ التوا مقدمات کو معیاری اور مقررہ وقت کے اندر نمٹانے کی ہدایت دی۔معائنے کے دوران گشتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سٹی ایس پی نے رات کی گشت کو مزید مؤثر بنانے، حساس علاقوں میں مسلسل نگرانی رکھنے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے شکایات کو سنجیدگی سے سننے اور ان پر فوری کارروائی کرنے کی بھی تاکید کی۔ سٹی ایس پی نے تھانہ میں موجود اسلحہ، مال خانہ اور حوالات کا بھی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ امن و قانون کی برقراری میں کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور تھانہ علاقے میں امن و امان اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کو پوری مستعدی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی اس موقع پر تھانہ انچارج اروند کمار، ایڈیشنل تھانہ انچارج ششی شنکر کمار، سب انسپکٹر پنّا لال سنگھ، منوج شرما سمیت دیگر پولیس افسران اور اہلکار موجود تھے

