ایس ایس بی ٹھاکرگنج کی جانب سے شہری فلاحی پروگرام کے تحت مفت انسانی و مویشی طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد

تاثیر 11 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)سرحدی علاقوں کے شہریوں کی صحت، مویشیوں کے تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے تئیں اپنی غیر متزلزل وابستگی کو عملی جامہ پہناتے ہوئے 19ویں بٹالین، سشستر سیما بل (ایس ایس بی)، ٹھاکرگنج کی جانب سے مورخہ 11 جولائی 2026 کو شہری فلاحی پروگرام کے تحت مفت انسانی و مویشی طبی کیمپ، صحت جانچ اور ادویات کی تقسیم کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ عوامی مفاد کا کیمپ راج کمار کھلکھو، کمانڈنٹ، 19ویں بٹالین، ٹھاکرگنج کی نگرانی اور باوقار موجودگی میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اشونی کمار جھا، اسسٹنٹ کمانڈنٹ (انسانی طبی افسر)، 19ویں بٹالین، ٹھاکرگنج، ڈاکٹر روبن تیواری، اسسٹنٹ کمانڈنٹ (ویٹرنری طبی افسر)، 12ویں بٹالین، سشستر سیما بل، کشن گنج، 19ویں بٹالین کی طبی ٹیم اور علاقے کے معزز شہری موجود تھے۔ یہ کیمپ “ایف” کمپنی دھنٹولا کے تحت وائبرنٹ ولیج دھنٹولا اور گاؤں گربھنڈانگا میں منعقد کیا گیا۔ اس کے علاوہ گاؤں ہنومان چوک، مولباڑی اور دیگر دیہات کے لوگوں نے بھی اس طبی کیمپ سے فائدہ اٹھایا۔ کیمپ کے دوران دیہی عوام کو مفت انسانی اور مویشی طبی خدمات فراہم کی گئیں۔ انسانی صحت کے معائنے کے ساتھ ضروری طبی مشورے اور ادویات تقسیم کی گئیں، جبکہ مویشیوں کی بیماریوں کی جانچ، علاج اور ویکسینیشن سے متعلق رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔ مویشی پالنے والوں کو جانوروں کی متوازن خوراک، صفائی، دودھ کی پیداوار میں اضافہ کرنے کے طریقے اور موسمی و متعدی بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں تفصیلی معلومات دے کر بیدار کیا گیا۔ معائنے کے بعد تمام مستحقین میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔ اس طبی کیمپ میں 130 انسانی مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ 204 پالتو جانوروں (گائے، بھینس، بکری، مرغی وغیرہ) کا معائنہ اور علاج کیا گیا، جس سے 62 مویشی پالک براہِ راست مستفید ہوئے۔ یہ کیمپ صرف طبی خدمات تک محدود نہیں رہا بلکہ سرحدی دیہی عوام کے درمیان اعتماد، تحفظ اور اپنائیت کا پیغام بھی لے کر آیا۔ اس اقدام نے ثابت کیا کہ سشستر سیما بل نہ صرف ملک کی سرحدوں کا محافظ ہے بلکہ سرحدی علاقوں کے عوام کا سچا معاون، محافظ اور حساس ساتھی بھی ہے۔