تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
وردھا، 18 جولائی:۔ ضلع میں غیر معیاری اور نقلی سویا بین بیجوں سے متاثرہ کسانوں کے لیے حکومت نے مفت بیج فراہم کرنے کا اعلان تو کیا ہے، لیکن اس سلسلے میں تاحال کوئی تحریری حکم نامہ جاری نہ ہونے کے باعث محکمہ زراعت تذبذب کا شکار ہے۔ ضلع بھر میں اب تک نقلی بیجوں کے معاملے میں 333 سے زائد کسان اپنی شکایات درج کرا چکے ہیں، جبکہ متاثرہ کسانوں کو دوبارہ بوائی کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جس سے ان پر اضافی مالی بوجھ بھی بڑھ گیا ہے۔ ایسے میں حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرہ کسانوں کو مفت بیج فراہم کرے تاکہ انہیں مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔رواں سال بروقت بارش ہونے کے بعد بڑی تعداد میں کسانوں نے سویا بین کی بوائی کی تھی، تاہم متعدد علاقوں میں بیجوں کی مناسب نشوونما نہ ہونے کے باعث کسانوں کی پہلی بوائی ناکام ثابت ہوئی۔ پہلی بوائی پر ہونے والا خرچ ضائع ہو گیا اور اب کسانوں کو دوبارہ بیج خریدنے، زمین تیار کرنے اور مزدوری پر اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔دیولی پنچایت سمیتی کے دائرے میں نقلی اور غیر معیاری بیجوں کا معاملہ سب سے زیادہ سنگین قرار دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں پولیس میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ –

