سنگھواڑہ بازار میں نقلی کاسمیٹک مصنوعات پر چھاپہ، چار دکانوں کی جانچ، ڈپلیکیٹ سامان ضبط

تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ)
نگر پنچایت سنگھواڑہ کے مرکزی بازار میں نقلی کاسمیٹک اور صارفین کی مصنوعات فروخت کیے جانے کی اطلاع پر ہفتہ کے روز خصوصی جانچ ٹیم نے چھاپہ ماری کی۔ کارروائی کے دوران بازار میں کھلبلی مچ گئی اور متعدد دکاندار اپنی دکانوں کے باہر جمع ہو گئے
چار رکنی جانچ ٹیم سب سے پہلے سنگھواڑہ تھانہ پہنچی، جہاں سے اے ایس آئی سنجے کمار پولیس فورس کے ساتھ ٹیم کو لے کر درگا مندر کے قریب بازار پہنچے۔ اس کے بعد گوپال شرنگار، پوجا اسٹور، پرنس جنرل اسٹور اور سہاگن شرنگار اینڈ بیوٹی پارلر میں جانچ کی گئی جانچ ٹیم کی قیادت بمبئی ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہندوستان یونی لیور بنام اشوک کمار مقدمے میں مقرر کردہ کورٹ کمشنر ہرش وردھن جوشی نے کی۔ جانچ کے دوران مختلف برانڈز کی ڈپلیکیٹ اور نیپال میں تیار کردہ کاسمیٹک و دیگر صارفین کی مصنوعات برآمد ہوئیں، جنہیں ٹیم نے ضبط کر لیا کورٹ کمشنر ہرش وردھن جوشی نے بتایا کہ یہ کارروائی بمبئی ہائی کورٹ کے حکم پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ مشتبہ سامان پرنس جنرل اسٹور اور سہاگن شرنگار اینڈ بیوٹی پارلر سے برآمد ہوا ہے۔ تمام متعلقہ دکانداروں کو تنبیہ کی گئی ہے اور انہیں 15 اکتوبر کو بمبئی ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ جانچ کے دوران لکمی، پانڈز، فیئر اینڈ لولی سمیت کئی معروف برانڈز کی ڈپلیکیٹ اور نیپال میں تیار کردہ مصنوعات ملی ہیں۔ اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے