لائبریریوں میں نوجوانوں کی بھیڑ ملک کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے: امت شاہ

تاثیر 11 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 11 جولائی: امور داخلہ اورامداد باہمی کے مرکزی وزیر امت شاہ نے ہفتہ کے روز نوجوانوں سے لائبریریوں سے استفادہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک کے مستقبل کا اندازہ اس کی معاشی خوشحالی سے نہیں بلکہ اس کی لائبریریوں میں آنے والے نوجوانوں کی تعداد سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم و حکمت ہی ملک کی تعمیر کی اصل طاقت ہے اور لائبریریاں ان کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔
امت شاہ نئی دہلی میں ’’جے پرکاش نارائن پبلک لائبریری‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لوک نائک جے پرکاش نارائن کے نام سے منسوب یہ لائبریری دہلی کے لیے ایک اہم حصولیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک عظیم مجاہد آزادی، مفکر اور جمہوریت کے مضبوط حامی جے پرکاش نارائن کی زندگی ہمیشہ ہم وطنوں کے لیے مشعل راہ رہے گی۔