تاثیر 16 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہردا، 16 جولائی :مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع میں مونگ کی سو فیصد خریداری، کھاد کی تقسیم میں ای-ٹوکن نظام ختم کرنے اور فصل بیمہ سمیت مختلف مطالبوں کو لے کر عام کسان یونین کی جانب سے بدھ کی صبح سے اندور-بیتول قومی شاہراہ (این ایچ-47) پر شروع کیا گیا چکہ جام دیر رات 12 بجے ختم ہو گیا۔ انتظامیہ کی طرف سے مطالبوں پر مثبت پہل کی یقین دہانی کے بعد کسانوں نے تحریک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
تحریک کے دوران کسانوں کے وفد نے کلکٹر سدھارتھ جین سے ملاقات کر کے اپنے اہم مطالبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انتظامیہ نے یقین دلایا کہ کسانوں کے مطالبوں کو محکمہ زراعت کے سینئر حکام اور ریاستی حکومت تک پہنچایا جائے گا۔ ساتھ ہی وزیرِ اعلیٰ سے کسان وفد کی ملاقات کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔

