تاثیر 8 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ، 8 جولائی : وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ ان کے دورے نے ہندوستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاع اور سلامتی ، سمندری تعاون ، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) ، ڈیجیٹل اختراع اور صلاحیت کی تعمیر جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع کھولے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا ثبوت ہے۔
انڈونیشیا کے اپنے سرکاری دورے کے اختتام پر، وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر لکھا کہ وہ ہندوستان-انڈونیشیا شراکت داری کی کامیابیوں اور مستقبل سے بہت مطمئن ہیں۔ انہوں نے انڈونیشیا کے عوام اور صدر پرابوو سوبیانتو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر سوبیانتو نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے خصوصی گرمجوشی اور ذاتی عزم کا مظاہرہ کیا۔مودی نے کہا کہ اس دورے کے دوران دفاع اور سلامتی ، سمندری تعاون ، اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز ، مصنوعی ذہانت ، ڈیجیٹل اختراع اور صلاحیت سازی جیسے شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید جامع اور مستقبل پر مبنی بنائیں گی۔

