مہاتما جیوتی راؤ پھولے جن آروگیہ یوجنا میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم قائم ہوگی، وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کا اعلان

تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 10 جولائی :مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ ناسک ضلع میں مہاتما جیوتی راؤ پھولے جن آروگیہ یوجنا کے تحت مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی جامع تحقیقات کے لیے ناسک کے ڈویژنل کمشنر پروین گیدام کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی جائے گی، جس میں مختلف محکموں کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔یہ اعلان وزیراعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا اورمہاتما جیوتی راؤ پھولے جن آروگیہ یوجنا کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں وزیرمالیات چندر شیکھرباون کلے، وزیرصحت پرکاش آبیٹکر، وزیرمملکت برائے صحت میگھنا ساکورے بورڈیکر، رکن اسمبلی ڈاکٹرراہل آہیر، محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر نپون ونایک، سیکریٹری ای۔ رویندرن، پولیس ڈائریکٹر جنرل سدانند داتے، ناسک کے ڈویژنل کمشنر پروین گیدام، اسٹیٹ ہیلتھ ایشورنس سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انا صاحب چوہان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریاستی ہیلتھ ایشورنس سوسائٹی کی جانب سے 2024 سے 2026 کے دوران کی گئی جانچ میں تقریباً 16 ہزار مشتبہ علاجی دعوے اور سرجریوں کے معاملات سامنے آئے ہیں، جن میں سے 9 ہزار 500 کیس صرف ناسک ضلع سے متعلق ہیں۔ ان بے ضابطگیوں کے پیش نظر ناسک کے پانچ اسپتالوں کی منظوری منسوخ کردی گئی ہے۔