تاثیر 17 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دھار، 17 جولائی: مدھیہ پردیش کے دھار ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع تاریخی بھوج شالا احاطے میں جمعہ کے روز مسلم فریق کو جمعہ کی نماز کے لیے جگہ نہیں ملی۔ اس کے بعد مسلمانوں نے جمعہ کی نماز گھروں اور مسجدوں میں ہی ادا کی۔
دراصل، سپریم کورٹ نے گزشتہ 14 جولائی کو مسلم فریق کی بھوج شالا احاطے میں نماز کو لے کر دائر عرضی پر سماعت کے دوران عبوری تفصیلی حکم جاری کیا تھا۔ عدالت نے ضلع انتظامیہ کو بھوج شالا کے قریب کھلی جگہ پر نماز کا انتظام کرنے کی ہدایت دی تھی۔ یہ حکم ضلع انتظامیہ کو مل گیا ہے۔ حکم ملنے کے بعد جمعہ کے روز کلکٹریٹ میں کلکٹر راجیو رنجن مینا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما کی موجودگی میں انتظامیہ کی اہم میٹنگ ہوئی۔
میٹنگ میں سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق انتظامی اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور بھوج شالا کے پاس کھلی متبادل جگہ پر جمعہ کی نماز کے انتظام کو لے کر بات چیت ہوئی۔ اس کے بعد کلکٹر اور ایس پی کی موجودگی میں مسلم سماج کے معزز لوگوں کے ساتھ الگ میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس میں نماز کے لیے مناسب جگہ طے کرنے پر بات چیت ہوئی۔

