ہری ہرپور کے نکھل کمار فوج میں لیفٹیننٹ کرنل مقرر، علاقے میں مسرت کی لہر

تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفیٰ) دربھنگہ ضلع کے سنگھواڑہ بلاک حلقہ کے ہری ہرپور گاؤں باشندہ  نکھل کمار جھا نے بھارتی فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر فائز ہو کر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کر دیا ہے۔ ان کی اس نمایاں کامیابی پر گاؤں اور آس پاس کے علاقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ لوگ ان کے والدین اور اہلِ خانہ کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔ نکھل کمار جھا، آنجہانی منوہر جھا کے پوتے اور وجے کمار جھا کے صاحبزادے ہیں۔ ان کا انتخاب سال 2021 میں آرمڈ فورسز میڈیکل کالج (AFMC)، پونے میں ہوا تھا۔ پانچ برس کی سخت تربیت کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے بعد سال 2026 میں انہیں آرمی میڈیکل کور میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر مقرر کیا گیا۔ بعد ازاں ان کی پہلی تعیناتی چنڈی گڑھ میں عمل میں آئی ہے نکھل کے والد وجے کمار جھا اس وقت سی آئی ایس ایف میں ہیڈ کانسٹیبل کے طور پر چنئی میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نکھل نے انٹرمیڈیٹ تک کی تعلیم بوکارو سے حاصل کی، جبکہ ان کے چھوٹے بیٹے مینک جھا دہرادون سے بی ٹیک کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ خاندان کے دیگر افراد بھی ملک کی خدمت سے وابستہ رہے ہیں اور نکھل کے چچا سی آئی ایس ایف سے ریٹائر ہو چکے ہیں ہری ہرپور کو عرصۂ دراز سے سپاہیوں کا گاؤں کہا جاتا ہے۔ اس گاؤں کے متعدد نوجوان بری فوج، بحریہ، فضائیہ، مختلف نیم فوجی دستوں اور ریاستی پولیس میں ملک کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ وطن سے محبت اور قومی خدمت یہاں کی نمایاں روایت ہے