تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 10 جولائی:دہلی ہائی کورٹ نے میانمار کے پناہ گزینوں کے داخلے کے لیے پاسپورٹ کی شرط کو چیلنج کرنے والی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے دہلی یونیورسٹی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ جسٹس جسمیت سنگھ کی سربراہی والی بنچ نے دہلی یونیورسٹی کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ پناہ گزین کو پاسپورٹ کہاں سے ملے گا۔ کیس کی اگلی سماعت 13 جولائی کو ہوگی۔
درخواست میانمار کے ایک پناہ گزینہینری ہٹو آنگ لی نے دائر کی تھی۔ ہینری کو اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے میانمار کے پناہ گزین کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ سماعت کے دوران ہینری کے وکیل اشوک اگروال نے دلیل دی کہ غیر ملکی طلبہ کو داخلہ دینے کے لیے دہلی یونیورسٹی کی پالیسی امتیازی ہے اور مہاجرین کو غیر ملکی طلبہ کے طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے دلیل دی کہ پناہ گزین اس ملک سے پاسپورٹ حاصل نہیں کر سکتے جہاں سے وہ ظلم و ستم کا سامنا کرنے کے بعد ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے ہوں۔

