پیپر لیک معاملے کے لیے فاسٹ ٹریک کورٹ کے قیام کی اپوزیشن نے مخالفت کی، دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ

تاثیر 23 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 23 جولائی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پیپر لیک کے معاملات کی سماعت کے لئے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے اعلان پر تنقید کی۔
راہل گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور حکومت نے مل کر ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔گاندھی نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف تعلیمی نظام پر مکمل قبضہ ہونے دیا اور اسے برباد ہونے دیا ،بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی کی اور اس کے ذمہ دار ہر فرد کو تحفظ فراہم کیا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کانگریس نے حکومت کے سامنے تین مطالبات رکھے ہیں، پہلا دھرمیندر پردھان کو عہدے سے ہٹایا جائے، دوسرا وہ طلبہ سے معافی مانگیں اور تیسرا طلبہ کے خلاف تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔
دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اسے طلبہ کی تحریک کو دبانے کی کوشش قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت کو فاسٹ ٹریک کورٹ بنانے کے بجائے اس پورے پیپر لیک ریکٹ اور اس میں ملوث بڑے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔