بین الاقوامی جبری وصولی معاملہ میں پنجاب پولیس کا انسپکٹر گرفتار، ایف بی آئی کی تحقیقات میں آیا تھا نام

تاثیر 18 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ہوشیارپور، 18 جولائی: پنجاب پولیس نے ہوشیارپور کے ٹانڈا تھانے کے سابق انچارج اور انسپکٹر گرِندرجیت سنگھ ناگرا کو بین الاقوامی جبری وصولی (ایکسٹورشن) کے ایک معاملے میں گرفتار کر لیا ہے۔ ناگرا کا نام امریکہ کی تحقیقاتی ایجنسی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی جانب سے اس سال فروری میں بے نقاب کیے گئے ایک بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورک کی تحقیقات میں سامنے آیا تھا۔
ایف بی آئی نے 7 فروری کو ناگرا کو ایسے گروہ سے وابستہ قرار دیا تھا جس پر امریکہ میں مقیم ایک بھارتی نژاد خاندان سے 4 لاکھ ڈالر کی جبری وصولی کی سازش رچنے کا الزام ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق، ناگرا نے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی اور جگّو بھگوان پوریا گینگ کے ارکان کے ساتھ مل کر اس سازش کو عملی جامہ پہنانے میں کردار ادا کیا۔
معاملے میں نام سامنے آنے کے بعد ہوشیارپور کے اس وقت کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے گرِندرجیت سنگھ ناگرا کا فوری طور پر تبادلہ کر کے انہیں پولیس لائنز بھیج دیا تھا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی تحقیقات میں سامنے آنے والے حقائق کے مطابق پنجاب پولیس کے انسپکٹر گرِندرجیت سنگھ ناگرا امریکہ میں مقیم ایک بھارتی نژاد خاندان سے 16 لاکھ روپے کی غیرقانونی رشوت (غیرقانونی معاوضہ) طلب کرنے اور وصول کرنے کے معاملے میں ملوث پائے گئے ہیں۔