تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 25 جولائی: ہندوستانی تیز گیند باز یش ٹھاکر نے زمبابوے کے دورے کے لیے پہلی بارہندوستانی ٹی 20 ٹیم میں اپنے انتخاب کو اپنے کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے کھیلنا ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے اور ہندوستانی جرسی پہننا ان کی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے ہندوستانی ٹی 20 ٹیم کے کپتان شریس ایئر کی کپتانی کی بھی تعریف کی اور انہیں ’’گیندبازوں کا کپتان‘‘ قرار دیا۔ودربھ اور پنجاب کنگز کے تیز گیند باز یش ٹھاکر کو پہلی بار زمبابوے کے دورے کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ اشوک شرما کو بھی قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ تاہم، یش کو ابھی تک ہندوستانی ٹیم کے لیے اپنا ڈیبیو کرنے کا موقع نہیں ملاہے۔
جیو اسٹار سے بات چیت میں یش نے کہا کہ انہیں اپنے انتخاب کے بارے میں ناگپور پہنچنے پر معلوم ہوا۔ انہوں نے کہا،’’میں اور میرے ودربھ ٹیم کے ساتھی ہرش دوبے ناگپور پہنچے ہی تھے۔ ہم اپنا سامان لے کر باہر نکل رہے تھے کہ موبائل فون پر کال اور پیغامات موصول ہونے لگے۔ دوستوں نے فون کرکے مبارکباد دی اور بتایا کہ میرا ہندوستانی ٹیم کے لیے انتخاب ہو گیا ہے۔ مجھے پہلے اس بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔ جب میں نے اسے آن لائن چیک کیا، تو مجھے یقین ہوا کہ میرا نام زمبابوے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ وہ احساس الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

