تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بنگلورو، 28 جولائی : کرناٹک ہائی کورٹ نے ریاست میں ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کی مدت میں توسیع کے مطالبے سے متعلق دائر مفادِ عامہ کی درخواست (پی آئی ایل) کو نمٹا دیا ہے۔یہ درخواست معروف ادیب دیونور مہادیو، مؤرخ رام چندر گہا، ریٹائرڈ میجر جنرل ایس جی وومبٹکیرے اور مصنفہ سبیحہ بھومیگوڑ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔درخواست گزاروں کے وکیل، سینئر ایڈووکیٹ وکرم ہویِلگول نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بوتھ لیول افسران (بی ایل اوز) کو مناسب تربیت اور ضروری معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس کے باعث بڑی تعداد میں اہل ووٹرز کے نام ووٹر فہرست سے خارج ہونے کا خدشہ ہے۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو خصوصی نظرثانی کی مدت میں توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ابتدائی ووٹر فہرست کی اشاعت کے بعد بھی جن ووٹروں کے نام شامل نہ ہو سکیں، وہ درخواست دے کر اپنے نام درج کرا سکیں گے۔
ریاستی حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل ششی کرن شیٹی نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے بھی ووٹروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن سے ضروری اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔

