کھیل کی وزارت نے جوڈو فیڈریشن کی عبوری ایگزیکٹو کمیٹی کو مشروط طورپرمنظوری دی

تاثیر 14 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 جولائی : کھیلوں کی مرکزی وزارت نے جوڈو فیڈریشن آف انڈیا (جے ایف آئی) کی حال ہی میں منتخب ہونے والی عبوری ایگزیکٹو کمیٹی کو مشروط منظوری دے دی ہے۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر دہلی ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل درآمد میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی پائی گئی تو یہ منظوری فوری طور پر معطل یا منسوخ کی جا سکتی ہے۔
جوڈو فیڈریشن آف انڈیا کے لیے سال 2022 میں عدالت نے ایک ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا تھا، جس کی نگرانی میں فیڈریشن کے امور چلائے جا رہے تھے۔ اسی سال فروری میں دہلی ہائی کورٹ نے فیڈریشن کو سالانہ جنرل اجلاس منعقد کرنے اور قومی کھیل انتظامیہ ایکٹ-2025 کے مطابق نئی ایگزیکٹو کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی تھی۔ اسی عدالتی حکم کے بعد جون میں عبوری ایگزیکٹو کمیٹی کے انتخابات کرائے گئے، جن میں مکیش کمار صدر، بنی برت داس جنرل سکریٹری اور شلیش تلک خزانچی منتخب ہوئے۔
وزارتِ کھیل نے اپنے حکم میں کہا کہ جوڈو فیڈریشن آف انڈیا (عبوری ادارہ) کی ایگزیکٹو کمیٹی کو فوری اثر سے منظوری دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ یہ منظوری دہلی ہائی کورٹ اور دیگر عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔ وزارت کے مطابق اگر عبوری ادارہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا سنگین بے ضابطگی کا مرتکب پایا گیا تو دی گئی مشروط منظوری معطل یا منسوخ کی جا سکتی ہے۔