تاثیر 20 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھاو نگر، 20 اگست:گجرات میں شراب بندی کے باوجود بھاو نگر شہر اور دیہی علاقوں میں مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے اب تک 6 افراد کی موت ہو چکی ہے، جبکہ تقریباً 21 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ گزشتہ رات تک پانچ افراد کی موت ہو چکی تھی۔ آج صبح ایک اور شخص نے دم توڑ دیا۔ تاہم ابھی تک اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس واقعے سے پورے گجرات میں ہلچل مچ گئی ہے۔معاملے کی سنگینی کے پیش نظر محکمہ داخلہ نے تحقیقات اسٹیٹ مانیٹرنگ سیل (ایس ایم سی) کے حوالے کر دی ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر برانڈیڈ رائل اسٹاگ شراب کی خالی بوتلیں، ڈھکن اور اسٹیکر جمع کیے اور ان میں کیمیکل ملا ہوا زہریلا مائع بھر کر نقلی شراب کے طور پر فروخت کیا۔ ایف ایس ایل اور طبی جانچ کے مطابق، زہریلی شراب کی زد میں آنے والے 10 مریضوں کے خون اور پیشاب کے نمونوں میں تقریباً 38.59 فیصد مہلک میتھانول پایا گیا، جبکہ ایتھانول کی مقدار صرف 0.94 فیصد بتائی گئی ہے۔

