تاثیر 08 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ضلع رجسٹریشن دفتر احاطہ میں ضلع مجسٹریٹ نے جیونیکا کی رسوئی کا کیا افتتاح، دیویکا دیدیوں کے تیار کردہ کھانے کا چکھا ذائقہ
حاجی پور، ویشالی (شرافت خان) : جیونیکا دیدیوں کو خود روزگار سے جوڑنے اور عام لوگوں کو معیاری و مناسب قیمت پر کھانا فراہم کرنے کی سمت میں ویشالی ضلع انتظامیہ کی پہل کے تحت ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ (آئی اے ایس) نے ہفتہ کو ضلع رجسٹریشن دفتر، حاجی پور کے احاطہ میں ’’دیدی کی رسوئی‘‘ کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ بہار حکومت کی ’’مکمل جیونیکا دیدی کی رسوئی‘‘ پہل کے تحت شروع کی گئی اس رسوئی کا انتظام جیونیکا سے وابستہ خواتین کریں گی۔
’’دیدی کی رسوئی‘‘ کے آغاز سے ضلع رجسٹریشن دفتر اور کلکٹریٹ احاطہ میں آنے والے افسران، ملازمین اور عام شہریوں کو اب مناسب قیمت پر معیاری ناشتہ، کھانا اور چائے دستیاب ہوگی۔ اس سے رجسٹریشن اور دیگر انتظامی کاموں کے سلسلے میں آنے والے لوگوں کو کھانے پینے کے لیے احاطہ سے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ افتتاح کے بعد ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ نے ’’دیدی کی رسوئی‘‘ کا معائنہ کیا اور جیونیکا دیدیوں کے ہاتھوں تیار کردہ کھانے کا خود ذائقہ چکھا۔ انہوں نے کھانے کے معیار اور ذائقے کی تعریف کرتے ہوئے جیونیکا دیدیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ’’دیدی کی رسوئی‘‘ کی کامیابی صرف کھانا فراہم کرنے میں نہیں، بلکہ معیار، صفائی اور مناسب قیمت پر بہتر خدمات فراہم کرنے میں ہے۔ انہوں نے جیونیکا دیدیوں کو کھانے کے معیار اور صفائی کا خصوصی خیال رکھنے اور صارفین کو مستقل طور پر بہتر خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جیونیکا دیدیوں کے ذریعے چلائی جانے والی ’’دیدی کی رسوئی‘‘ خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشی خود کفالت کا مؤثر ذریعہ بن رہی ہے۔ صدر اسپتال میں بھی ’’دیدی کی رسوئی‘‘ کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے، جہاں جیونیکا دیدیوں کے ذریعہ وقت پر معیاری کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ضلع رجسٹریشن دفتر میں اس سہولت کے آغاز سے مزید لوگوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔ ’’دیدی کی رسوئی‘‘ میں صبح کے ناشتے میں پوری سبزی، لِٹّی، کچوری، چائے، بریڈ وغیرہ دستیاب ہوں گے، جبکہ دوپہر کے کھانے میں روٹی، چاول، دال، سبزی، پاپڑ اور اچار وغیرہ فراہم کیے جائیں گے۔ اس رسوئی کے شروع ہونے سے کلکٹریٹ احاطہ میں کام کرنے والے افسران و ملازمین کے علاوہ رجسٹریشن، انتظامی اور دیگر کاموں سے آنے والے عام شہریوں کو بھی کفایتی نرخ پر کھانے پینے کی سہولت حاصل ہوگی۔ ’’دیدی کی رسوئی‘‘ کے ذریعے جیونیکا سے وابستہ خواتین کو خود روزگار، مستقل آمدنی اور معاشی خود کفالت کا موقع مل رہا ہے۔ گھر کی رسوئی میں کھانا تیار کرنے کے روایتی ہنر کو روزگار سے جوڑتے ہوئے یہ پہل خواتین کے معاشی اور سماجی استحکام کو نئی سمت فراہم کر رہی ہے۔

