نالہ تعمیر میں مبینہ بے ضابطگی، سڑک سے متصل کام پر مقامی لوگوں کا اعتراض

تاثیر 17 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفیٰ) سنگھواڑہ۔ نگر پنچایت سنگھواڑہ کے وارڈ نمبر 3 میں ٹھکنیا چوراہا سے لال پور برہم استھان تک جاری نالہ تعمیر کے کام کو لے کر مقامی لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ لوگوں نے تعمیراتی کام میں مبینہ بے ضابطگی کا الزام عائد کرتے ہوئے نگر پنچایت کے ایگزیکٹو آفیسر کو تحریری درخواست دے کر معاملے کی جانچ اور ضروری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نالہ کی تعمیر لال پور-بدھکارا سڑک سے بالکل متصل کی جا رہی ہے، جبکہ سڑک کے کنارے کافی خالی سرکاری زمین موجود ہے۔ ان کے مطابق منظور شدہ حدود کے تحت نالہ سڑک سے ہٹ کر خالی زمین کی جانب تعمیر کیا جانا زیادہ مناسب اور محفوظ ہوگا۔
لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سڑک سے متصل نالہ بنائے جانے کی صورت میں بھاری گاڑیوں اور ٹرکوں کی آمدورفت سے نالہ کے متاثر یا ٹوٹنے کا امکان رہے گا۔ اس سے سرکاری رقم کے ضیاع کے ساتھ مستقبل میں عام لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے شکایت میں تعمیراتی کام میں مبینہ طور پر ناقص اور کم معیار کے مواد کے استعمال اور منظور شدہ تخمینے کے مطابق کام نہ کیے جانے کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تعمیراتی مقام پر منصوبہ سے متعلق معلوماتی تختی نہ لگائے جانے پر بھی سوال اٹھائے گئے ہیں۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نالہ کی فوری پیمائش کرائی جائے اور اسے منظور شدہ حدود کے مطابق تعمیر کرایا جائے۔ ساتھ ہی تعمیر میں استعمال ہونے والے مواد کے معیار اور منظور شدہ تخمینے کے مطابق کام کی غیر جانب دارانہ جانچ کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس سلسلے میں نگر پنچایت سنگھواڑہ کے ایگزیکٹو آفیسر اکشے کمار نے بتایا کہ نالہ تعمیر کا کام بڈکو کی جانب سے کرایا جا رہا ہے۔ ٹھکنیا چوک سے لال پور برہم استھان تک نالہ تعمیر کیا جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ سڑک سے باہر ہونا چاہیے، سڑک سے متصل نہیں۔ اس سلسلے میں تحریری شکایت موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شکایت کے پیش نظر بڈکو کے اسسٹنٹ انجینئر سے بات کر کے انہیں معاملے سے آگاہ کرایا گیا ہے۔ تعمیراتی مقام پر شیلہ پٹ لگانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔