کانگریس نے اقتدار کے لیے ملک کے ٹکڑے کیے: یوگی آدتیہ ناتھ

تاثیر 14 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 14 اگست:اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو لکھنؤ میں منعقدہ ’تقسیم کی ہولناکیوں کی یاد کے دن‘ کے موقع پر کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 1947 میں ملک کی تقسیم عالمی انسانی تاریخ کے سیاہ ترین ابواب میں سے ایک ہے۔ یوگی نے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا کانگریس نے یہ شرمناک اقدام کیا۔ اقتدار کے لیے ملک کے ٹکڑے کیے گئے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ میں تقسیم کی ہولناکیوں کی یاد کے دن کے موقع پر گاندھی مجسمے سے لوک بھون تک خاموش پیدل مارچ نکالا۔ اس موقع پر لوک بھون میں منعقدہ پروگرام میں تقسیم کے سانحے سے متاثرہ خاندانوں نے اپنے تجربات بیان کیے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کی تقسیم ایک المیہ تھا۔ ملک آج بھی تقسیم کی قیمت چکا رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے لیے ووٹ بینک اہمیت رکھتا ہے۔ کانگریس نے اقتدار کے لیے ملک کے ساتھ غداری کی۔ کروڑوں ہندوؤں کو اپنی ہی مادر وطن اور جائے پیدائش سے بے گھر ہونا پڑا۔ لاکھوں ہندوؤں، بدھ مت کے پیروکاروں، سکھوں اور جینیوں کا قتل عام کیا گیا۔ کسی بھی سطح پر کوئی شنوائی نہیں ہوئی، کوئی سننے والا نہیں تھا۔ ایک سناتن قوم کے ٹکڑے کر دیے گئے۔ یہ دن تاریخ کے ان سیاہ ابواب سے بہت کچھ سیکھنے کی ترغیب دیتا ہے، کیونکہ صرف اسے یاد کرنے سے اس مسئلے کا حل نہیں نکلنے والا۔