گنڈک و گنگا کے بڑھتے آبی سطح کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ الرٹ

تاثیر 26 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ڈی ایم نے کون ہارا گھاٹ، ہتھسار گنج سمیت حساس علاقوں کا کیا دورہ، سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا لیا جائزہ.
حاجی پور،ویشالی (شرافت خان) ۔ نیپال کے رسوا ضلع اور تبت سرحدی علاقے میں بھوٹے کوشی ندی کے آبی سطح میں غیر معمولی اضافہ اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر گنگا اور گنڈک ندی کے پانی کی سطح میں ممکنہ اضافے کو لے کر ویشالی ضلع انتظامیہ پوری طرح چوکس ہے۔ بدھ کے روز ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ نے ضلع کے مختلف حساس اور نشیبی علاقوں کا دورہ کر سیلاب سے قبل کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کون ہارا گھاٹ، ہتھسار گنج سمیت مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
ضلع مجسٹریٹ نے گنگا اور گنڈک ندی کے کنارے واقع دیہی، دریائی ٹاپو اور نشیبی علاقوں میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔ حساس مقامات پر دستیاب وسائل، کشتیوں، راحت و بچاؤ ٹیموں اور دیگر ضروری انتظامات کی بھی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی ایم نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں عام لوگوں کی حفاظت ضلع انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی تال میل کے ساتھ پوری مستعدی سے کام کریں اور ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر راحت و بچاؤ کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ ضلع میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے 7 سرکاری کشتیوں کے علاوہ 360 نجی کشتیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 189 سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں، 192 تربیت یافتہ غوطہ خور، 127 لائف جیکٹس اور 3 مہاجال دستیاب رکھے گئے ہیں۔ مہنار، راگھوپور، حاجی پور اور لال گنج میں ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ رات کے وقت راحت و بچاؤ کے کام کے لیے ایس ڈی آر ایف کو انفلیٹیبل لائٹنگ سسٹم بھی فراہم کیا گیا ہے۔ ممکنہ سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے لیے ضلع میں 100 سیلاب راحت کیمپ نشان زد کیے گئے ہیں، جبکہ متاثرین کے لیے کھانے کا انتظام کرنے کی غرض سے 104 اجتماعی باورچی خانے تیار رکھے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے ضروری ادویات کے ساتھ کشتی دواخانہ، بوٹ ایمبولینس اور موبائل ہیلتھ یونٹ کو فعال رکھا گیا ہے۔ محکمہ حیوانات کی جانب سے موبائل ویٹرنری ٹیموں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے گنگا اور گنڈک کے پشتوں کی حفاظت کو لے کر بھی خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی۔ محکمہ فلڈ کنٹرول کے انجینئروں اور متعلقہ اہلکاروں کو مسلسل نگرانی اور گشت یقینی بنانے کے ساتھ کسی بھی قسم کے نقصان یا خطرے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرنے کو کہا گیا۔ ڈی ایم نے گنگا اور گنڈک ندی کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی۔ انہوں نے لوگوں سے ندی کی تیز دھار اور پشتوں کے انتہائی قریب نہ جانے اور ضرورت پڑنے پر انتظامیہ کی جانب سے نشان زد محفوظ اور اونچی جگہوں پر منتقل ہونے کے لیے تیار رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کی افواہ پر توجہ نہ دیں اور صرف ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری سرکاری اطلاعات پر ہی بھروسہ کریں۔ ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور راحت و بچاؤ ٹیموں کا تعاون کریں۔