فرضی آئی ٹی سی معاملہ میں ای ڈی کے چھاپے میں اب تک 3.6 کروڑ روپے کی نقدی برآمد

تاثیر 25 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 25 اگست:انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے پیر سے اتر پردیش کے مظفر نگر اور غازی آباد اور ہریانہ کے فرید آباد میں نو مقامات پر کی گئی چھاپہ ماری میں اب تک کل 3.6 کروڑ روپے کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔ای ڈی نے منگل کو بتایا کہ ایجنسی کی طرف سے اس چھاپے کے بعد تمام احاطے سیل کر دیے گئے ہیں۔ برآمد شدہ نقد رقم اور ضبط شدہ ڈیجیٹل شواہد کی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل ایجنسی نے پیر کی شام تک مظفر نگر میں نیو رانا ہاؤس اور غازی آباد میں سدھا اسٹیل سے 1.1 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقد رقم برآمد کی تھی۔ کئی ڈیجیٹل آلات، دستاویزات اور رجسٹر بھی ضبط کیے گئے۔ ای ڈی نے کہا کہ کارروائی میں اب تک کل 3.6 کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔قابل ذکرہے کہ یہ معاملہ جمبودیپ ایکسپورٹس اینڈ امپورٹس لمیٹڈ سے متعلق ہے، جس پر فرضی ان پٹ ٹیکس کریڈٹ (آئی ٹی سی) بنانے اور ٹرانسفر کرنے کا الزام ہے۔