تاثیر 11 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ساتارا، 11 اگست: پونے ساتارا ہائی وے پر شیرول کے قریب پیر کی رات تقریباً ایک بجے پیش آئے شدید سڑک حادثے میں چار نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار تمام نوجوان تلے گاؤں دابھاڑے اور ماول علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔ جاں بحق افراد کی شناخت ویدانت وارنگے، سونلنگ ٹھاکر، آدتیہ گروڑ اور نکھل راؤت کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق نوجوان کار میں پونے سے ساتارا کی جانب جارہے تھے۔ شیرول میں ہوٹل شوالے کے سامنے رات تقریباً ایک بجے ڈرائیور کا اچانک کار پر سے کنٹرول ختم ہوگیا۔ کار پہلے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور پھر ڈیوائیڈر پار کرکے مخالف سمت کی لین میں جاپہنچی، جہاں سامنے سے آنے والے آئشر ٹرک سے اس کی زوردار ٹکر ہوگئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار افراد اندر پھنس گئے۔ زخمیوں اور دیگر مسافروں کو باہر نکالنے کے لیے کار کے دروازے کاٹنے پڑے۔ حادثے کی زوردار آواز سن کر مقامی شہری فوری طور پر موقع پر پہنچے اور پولیس کو اطلاع دی۔

