تاثیر 14 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 اگست: کوالالمپور میں 1975 میں رقم کی گئی بھارتی ہاکی کی سنہری تاریخ آج بھی ملک کے کھیل شائقین کی یادوں میں تازہ ہے۔ اب 51 سال بعد بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم نئی نسل کے دم پر اسی شان و شوکت کو دوبارہ حاصل کرنے کے ارادے سے ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں اترے گی۔ کپتان ہرمن پریت سنگھ کی قیادت میں بھارتی ٹیم 15 اگست کو ویلز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی اور اس کا مقصد ماضی کی کامیابیوں کو دہرانے کے بجائے اپنی نئی تاریخ رقم کرنا ہوگا۔
بھارت نے 1975 میں اجیت پال سنگھ کی کپتانی میں اپنا واحد ورلڈ کپ خطاب جیتا تھا۔ اتفاق سے اجیت پال سنگھ کے بعد ہرمن پریت سنگھ دوسرے ایسے بھارتی کھلاڑی ہیں، جو دو ورلڈ کپ میں ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ ہرمن پریت نے 2023 ورلڈ کپ میں پہلی بار کپتانی کی تھی۔
بھارتی ٹیم کی تیاریاں بھی حوصلہ افزا رہی ہیں۔ ایف آئی ایچ پرو لیگ کے آخری مرحلے میں ٹیم نے موجودہ عالمی چمپئن جرمنی اور اولمپک چمپئن نیدرلینڈز کو شکست دی۔ بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو بھی دو مرتبہ ہرایا، جبکہ انگلینڈ کو شوٹ آؤٹ میں شکست دی۔ ورلڈ کپ میں پاکستان اور انگلینڈ بھی بھارت کے گروپ میں شامل ہیں۔
بھارت کو پول ڈی میں انگلینڈ، پاکستان اور ویلز کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ بھارتی ٹیم 15 اگست کو ویلز، 17 اگست کو انگلینڈ اور 19 اگست کو پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گی۔

