تاثیر 11 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں، 11 اگست: محکمہ صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے جموں میں سول سکریٹریٹ میں ڈویژن کے مختلف علاقوں سے آئے عوامی وفود اور افراد سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفود نے صحت، تعلیم، سماجی بہبود، سڑکوں، بجلی، پانی اور بنیادی سہولیات سے متعلق مختلف مسائل وزیر کے سامنے پیش کرتے ہوئے ان کے بروقت ازالے کا مطالبہ کیا۔
سکینہ ایتو نے وفود کی بات غور سے سنتے ہوئے یقین دلایا کہ عوام کی جانب سے پیش کیے گئے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر متعلقہ محکموں کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے مختلف سرکاری اسکیموں اور خدمات کے زمینی سطح پر نفاذ کے بارے میں بھی عوام سے رائے حاصل کی۔ وزیر نے کہا کہ عوام کے ساتھ براہ راست رابطہ جوابدہ حکمرانی کا اہم حصہ ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح عوام کے مسائل سننا اور انہیں مقررہ مدت کے اندر حل کرنا ہے۔

