لوک سبھا اسپیکر، وزیر داخلہ اور بی جے پی صدر نے مجاہد آزادی اور عظیم انقلابی خودی رام بوس کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا

تاثیر 11 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 11 اگست : لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نوین سمیت کئی رہنماوں نے منگل کو امر انقلابی شہید خودی رام بوس کے یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اوم برلا نے ایکس پر لکھا، ’’امر انقلابی شہید خودی رام بوس کے یومِ شہادت پر انہیں عاجزانہ خراجِ عقیدت اور کوٹی کوٹی نمن۔ وطن عزیز کے لیے ہنستے ہنستے اپنی جان قربان کرنے والے اس بہادر بیٹے کا ایثار اور قربانی ہمیشہ ہمارے قومی شعور کو بیدار کرتی رہے گی۔‘‘
امت شاہ نے کہا کہ مادر ہند کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرانے کے لیے خودی رام بوس نے کم عمری میں ہی مسلح انقلاب کا اعلان کیا اور اپنی ہمت، شجاعت و ایثار سے برطانوی سلطنت کی بنیادیں ہلا دیں۔ محض 18 سال کی عمر میں ہنستے ہنستے پھانسی کا پھندا گلے لگانے والے خودی رام بوس نے حب الوطنی اور اعلیٰ ترین قربانی کی ایسی لازوال داستان رقم کی، جو صدیوں تک ملک کے نوجوانوں میں بہادری، خودداری اور قومی خدمت کی ترغیب کا ذریعہ بنی رہے گی۔