وارانسی میں شدید بارش: چاند پور انڈسٹریل ایریا میں مکان کی دیوار گری ، ملبے تلے دب کر میاں بیوی کی موت

تاثیر 25 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 25 اگست: اتر پردیش کے وارانسی میں پیر کی رات بھر جاری رہنے والی بارش کی وجہ سے جان و مال کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ بارش کی وجہ سے منڈواڈیہ تھانہ علاقے کے چاند پور انڈسٹریل ایریا میں پوسٹ آفس کے قریب ایک مکان کی دیوار منگل کی صبح اچانک گر گئی۔ اس کے ملبے تلے دب کر میاں بیوی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مرنے والوں کی شناخت رویندر مشرا (62 سال) اور ان کی بیوی پرتیبھا دیوی (55 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ،میاں -بیوی اصل میں جھارکھنڈ کے گڑھوا ضلع کے ڈومریا گاؤں کے رہنے والے تھے۔ گزشتہ کئی برسوں سے وہ چاند پور انڈسٹریل ایریا میں رہ رہے تھے اور مزدوری کر کے اپنے خاندان کا پیٹ پال رہے تھے۔ ان کا بیٹا آنند بھی چاند پور میں ایک کمپنی میں کام کرتا ہے۔ وہ پیر کی رات نائٹ ڈیوٹی پر تھا۔ صبح ڈیوٹی کے بعد آنند بارش میں بھیگتا ہوا گھر واپس آیا اور گھر کی دیوار گرا ہوا دیکھ کر حیران رہ گیا۔ جب وہ اندر گیا تو اس نے اپنے والدین کو ملبے تلے دبے دیکھاتو شور مچایا۔ پڑوسیوں نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔