فوڈ کارٹ مالک پر قاتلانہ حملے کا مرکزی ملزم چھ ماہ بعد گرفتار

تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، یکم اگست: دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے مغربی دہلی کے علاقے پچھم پوری میں فوڈ کارٹ چلانے والے ایک شخص پر تیز دھار ہتھیار سے قاتلانہ حملے کے مقدمے میں مفرور مرکزی ملزم کو تقریباً چھ ماہ بعد گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم مسلسل اپنے ٹھکانے تبدیل کر کے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا۔گرفتار ملزم کی شناخت دھیرج عرف جوڑی (24) کے طور پر ہوئی ہے، جو اتر پردیش کے ضلع علی گڑھ کا رہنے والا ہے اور اس وقت دہلی کے اَمن وہار علاقے میں کرائے کے مکان میں مقیم تھا۔ پولیس کے مطابق اس کے خلاف دہلی اور این سی آر کے مختلف تھانوں میں قتل کی کوشش، ڈکیتی، چوری، آرمز ایکٹ اور دیگر سنگین جرائم کے ایک درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔