تاثیر 07 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 07 اگست: دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا نے جمعہ کے روز ایوان کی کارروائی کے آغاز میں اعلان کیا کہ دہلی اسمبلی نے ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کو ایوان کی کارروائی کے دوران اپنی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی لائیو ٹرانسکرپشن (براہِ راست تحریری نقل) اور ترجمہ نظام کے پائلٹ ٹرائل کے لیے مدعو کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے قانون سازی کے عمل میں کارکردگی، شفافیت اور پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔
وجیندر گپتا نے بتایا کہ بھاشنی کا آغاز وزیر اعظم نے جولائی 2022 میں گجرات کے گاندھی نگر میں منعقدہ ڈیجیٹل انڈیا ہفتہ کے دوران کیا تھا۔ یہ قومی زبان ترجمہ مشن ہے۔ جس کا مقصد ملک کے ہر شہری کو اس کی پسندیدہ بھارتی زبان میں ڈیجیٹل عوامی خدمات اور انٹرنیٹ تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ پلیٹ فارم کثیر لسانی حکمرانی کو مضبوط بنانے اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

