کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ سجن کمار کا انتقال

تاثیر 20 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 20 اگست: کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ سجن کمار کا جمعرات کو انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 80 سال تھی اور وہ 1984 کے سکھ مخالف فسادات سے متعلق تین میں سے دو مقدمات میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد دہلی کی تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔ وہ ایک مقدمے میں بری بھی ہو چکے تھے۔ ان کے قریبی افراد کے مطابق، سجن کمار کی تہاڑ جیل میں طبیعت خراب ہونے کے بعد دہلی کے صفدر جنگ اسپتال لایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔
سجن کمار 23 ستمبر 1945 کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1970 کی دہائی میں دہلی میونسپل کارپوریشن میں کونسلر بن کر کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ریاستی کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ 1980، 1991 اور 2004 میں لوک سبھا کے رکن کے طور پر منتخب ہوئے تھے۔ سنجے گاندھی کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے سجن کمار بیرونی دہلی کے علاقے میں کانگریس کی ایک ممتاز شخصیت تھے۔