جرائم و مشتبہ موت پر تیجسوی نے حکومت کو گھیرا

تاثیر 20 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ، دربھنگہ (محمد مصطفیٰ): قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے بہار میں بڑھتے جرائم اور مشتبہ اموات کے واقعات پر حکومت کو گھیرتے ہوئے غیر جانب دارانہ تحقیقات اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وہ جمعرات کو پٹنہ سے مدھوبنی جانے کے دوران سمری میں کارکنوں کے استقبال کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدھوبنی منڈل جیل میں نوجوان روشن کمار یادو کی مشتبہ موت اور دربھنگہ کے چندن پٹی میں فیض احمد کے مبینہ قتل کے واقعات انتہائی سنگین ہیں۔ جیل جیسی محفوظ جگہ پر نوجوان کی موت کی اصل وجہ سامنے آنی چاہیے اور ذمہ داری طے ہونی چاہیے۔تیجسوی یادو نے کہا کہ جرائم کے مسلسل واقعات سے عوام میں خوف کا ماحول ہے۔ حکومت کو متاثرہ خاندانوں کو انصاف دلانے کے ساتھ جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مدھوبنی جاکر متوفی نوجوان کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے اور ان کی آواز اٹھائیں گے۔پٹنہ سے مدھوبنی روانگی کے دوران راجا لائن ہوٹل اور سمری تھانہ چوک پر راشٹریہ جنتا دل کارکنوں نے تیجسوی یادو کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر فراز فاطمی نائب پر مکھ ساجد مظفر ببلو سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکن موجود تھے۔