نرولی چوک کے قریب چلتی کار میں اچانک لگی بھیانک آگ، 7 افراد بچے بال بال

تاثیر 19 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور:( نزہت جہاں)
 مُسہری تھانہ حلقہ کے نرولی چوک کے قریب درگا مندر کے سامنے بدھ کے روز ایک چلتی XUV کار میں اچانک بھیانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خطرناک شکل اختیار کر لی اور پوری گاڑی دھو دھو کر جلنے لگی۔ تاہم ڈرائیور کی حاضر دماغی سے کار میں سوار تمام سات افراد کی جان بچ گئی اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گاڑی کے مالک کمار چندرمنی اپنے اہل خانہ کے ساتھ سکرا تھانہ حلقہ کے بلوا گاؤں میں واقع اپنے گھر میں منعقدہ پوجا میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ تمام افراد بی ایم پی-6 واقع اپنی رہائش گاہ سے گاؤں کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ کار میں سات افراد سوار تھے، جن میں دو بچے اور چار خواتین بھی شامل تھیں۔ کار میں سوار انوپم کماری نے بتایا کہ نرولی چوک کے قریب پہنچتے ہی اچانک گاڑی کے اسٹیئرنگ کے پاس سے دھواں نکلنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپٹیں اٹھنے لگیں۔ کچھ ہی دیر میں دھواں تیزی سے گاڑی کے اندر پھیل گیا اور آگ بڑھتی دیکھ کر تمام افراد گھبرا گئے۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے کار چلا رہے ان کے شوہر نے فوراً گاڑی روک دی اور تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ سبھی کے باہر نکلنے کے بعد آگ نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور XUV دھو دھو کر جلنے لگی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کی بھیڑ موقع پر جمع ہوگئی اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ تاہم اس وقت تک پوری گاڑی جل کر تباہ ہوچکی تھی۔