تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بیگوسرائے، 5 اگست:(کونین علی) انجمن ترقیٔ اردو،بیگوسرائے اور بھاگلپور اضلاع کے ذمہ داران کے درمیان ایک اہم ملاقات منعقد ہوئی، جس میں اردو زبان کے فروغ، اردو جرائد، ادبی رسائل اور اردو اخبارات کی ترویج کے ساتھ ساتھ ریاست میں معاون اردو مترجمین کی بحالی کے مطالبے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اردو زبان کے فروغ کے لیے صرف سرکاری سطح پر ہی نہیں بلکہ سماجی سطح پر بھی سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر تمام اردوداں حضرات سے پُرخلوص اپیل کی گئی کہ وہ اپنے گھروں، دکانوں، تجارتی اداروں، تعلیمی اداروں، کالجوں، اسکولوں اور دیگر دفاتر کے ناموں کی تختیوں پر اردو کو بھی لازماً جگہ دیں، تاکہ عوامی زندگی میں اردو رسم الخط کا استعمال بڑھے اور نئی نسل میں زبان سے وابستگی مضبوط ہو۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ انجمن ترقیٔ اردو کے تمام اضلاع باہمی تعاون کے ساتھ اردو زبان کے فروغ، اس کے حقوق کے تحفظ اور اس کی عملی ترویج کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھیں گے۔اجلاس میں اس بات کا بھی عزم کیا گیا کہ انجمن ترقیٔ اردو، بہار کے فعال سکریٹری جناب عبد القیوم انصاری صاحب کی قیادت اور طرزِ عمل کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں کو مزید تیز، منظم اور مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا، تاکہ اردو زبان کے فروغ، اس کے حقوق کے تحفظ اور اس کی عملی ترویج کے مشن کو ہر ضلع اور ہر سطح تک پہنچایا جا سکے۔

