حجاب کی آڑ میں تنگ نظری پر مبنی سیاست نہیں ہونی چاہیے: مایاوتی

تاثیر 26 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 26 اگست :حجاب کے تنازع پر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات کو زیادہ طول دے کر قانونی تنازع بنانے کے بجائے اسکول انتظامیہ اور حکومت و انتظامیہ کی مدد سے باہمی طور پر حل کر لینا چاہیے۔ اس کی آڑ میں ’’تنگ نظری پر مبنی سیاست‘‘ نہیں ہونی چاہیے۔
مایاوتی نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک طویل پوسٹ میں لکھا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کو مساوی حقوق دینے والا آئین دے کر ملک کو اتحاد کے دھاگے میں باندھنے اور ایک مضبوط ہندوستان کی تعمیر کی ضمانت یقینی بنائی ہے۔ اس کے تحت تمام مذاہب کی مذہبی کتابوں، مذہبی رسومات اور عقائد کی بنیاد پر پْرامن اور خوشحال زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ اس کو نظرانداز کرنے یا اس میں مداخلت کرنے کے بجائے سبھی کو اس کے تقدس کا احترام کرنا چاہیے۔