امراوتی کے ساونگا میں اچانک پل دھنس گیا

تاثیر 23 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

امراوتی 23 ستمبر: چاندور ریلوے سے مانجر کھیڑ کے راستے ساونگا وٹھوبا جانے والی اہم سڑک پر واقع پل اچانک دھنس گیا، جس کے باعث اس راستے پر آمدورفت کا سنگین مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ علاقے میں نہ موسلادھار بارش ہوئی اور نہ ہی زلزلے جیسی کوئی قدرتی آفت پیش آئی، اس کے باوجود پل کے اچانک دھنسنے سے مقامی لوگوں میں حیرت کے ساتھ تشویش بھی پائی جارہی ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق اس راستے پر مسلسل ہونے والی بھاری گاڑیوں کی آمدورفت اور پل کی پہلے سے خراب حالت اس صورتحال کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔ تاہم پل دھنسنے کی اصل وجہ کیا ہے، یہ انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی جانچ کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔
پل کے دھنسنے کے بعد حادثے کے خطرے کے پیش نظر پولیس پاٹل ہیرا سنگھ راٹھوڑ اور مقامی باشندوں نے موقع پر بیریکیڈ لگا کر راستے کو خطرناک قرار دیا ہے۔ خاص طور پر موٹر سائیکل، کار اور دیگر چار پہیہ گاڑیوں کے ساتھ ساتھ بھاری گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے اس راستے پر انتہائی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ساونگا وٹھوبا مندر کے ٹرسٹی لکشمن راٹھوڑ نے بتایا کہ رات کے وقت اس راستے سے سفر کرنا مزید خطرناک ہوسکتا ہے۔