میلی گھاٹ میں جعلی ڈاکٹروں کا پردہ فاش اسکول میں غیر قانونی طبی کیمپ لگانے کا الزام

تاثیر 23 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

امراوتی 23 ستمبر : مہاراشٹر کے میلی گھاٹ علاقے کے گرگٹی گاؤں میں بغیر ضروری طبی اہلیت اور اجازت کے مریضوں کا علاج کرنے والے مبینہ جعلی ڈاکٹروں کے خلاف محکمہ صحت نے کارروائی شروع کردی ہے۔ حیرت انگیز طور پر یہ مبینہ طبی کیمپ ضلع پریشد کے اسکول میں لگایا گیا تھا۔ معاملے میں محکمہ صحت نے چکھل درہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کراکر متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ صحت کو اطلاع ملی تھی کہ گرگٹی گاؤں میں ایک شخص مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے طبی پریکٹس کر رہا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ طبی افسر اور محکمہ صحت کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی جانچ کی۔ جانچ کے دوران متعلقہ شخص کی جانب سے آیورویدک ہیلتھ کیئر کا لائسنس رکھنے کا دعویٰ کیا گیا۔ تاہم محکمہ صحت نے اس لائسنس کی بنیاد پر باقاعدہ مریضوں کا طبی معائنہ اور علاج کرنے کے اختیار پر سوال اٹھایا ہے۔