چارپائی پر سو رہے شخص کو مچھر دانی سمیت گھسیٹ لے گیا تیندوا، زخمی

تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بہرائچ، 19 ستمبر: اترپردیش کے ضلع بہرائچ کی سوجولی گرام پنچایت میں جمعہ کی رات ایک تیندوا آبادی میں داخل ہوگیا اور چارپائی پر سو رہے ایک دیہی باشندے کو مچھر دانی سمیت پکڑ کر تقریباً 10 میٹر تک گھسیٹ لے گیا۔ شور مچانے پر اہل خانہ اور آس پاس کے لوگ جاگ گئے۔ بھیڑ جمع ہوتے دیکھ کر تیندوا موقع سے فرار ہوگیا۔ حملے میں بلیرام زخمی ہوگئے۔
واقعہ کستوبا گاندھی اسکول کے سامنے واقع ایک مکان میں رات تقریباً 10 بجے پیش آیا۔ کھانا کھانے کے بعد بلیرام روز کی طرح چارپائی پر سو رہے تھے۔ اچانک تیندوے نے مچھر دانی سمیت انہیں گھسیٹ کر ایک سنسان جگہ کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔ اس دوران بلیرام نے شور مچایا، جس پر اہل خانہ جاگ گئے۔ چیخ و پکار سن کر آس پاس کے دیہاتی بھی موقع پر پہنچ گئے، جس کے بعد تیندوا جنگل کی جانب فرار ہوگیا۔