ہندوستان کی ترقی تیز رفتار بھی ہے اور پائیدار بھی: وزیر اعظم مودی

تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 19 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ ہندوستان اپنی قدیم ماحولیاتی سوچ کو جدید نقطہ نظر کے ساتھ جوڑتے ہوئے موسمیاتی چیلنجز کا حل پیش کر رہا ہے۔ ہندوستان کی ترقی تیز رفتار بھی ہے اور پائیدار بھی۔ ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں ہندوستان کی کوششیں صرف ملک کی ترقی کے اعداد و شمار نہیں بلکہ انسانیت کے مستقبل کے لیے اس کی تعاون کے اعداد وشمار ہیں۔
وزیر اعظم وگیان بھون میں نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ’ماحولیات اور آب و ہوا کے محرکات کا مستقبل ‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فطرت اور ماحولیات کے معاملے میں ہندوستان نے صدیوں تک دنیا کی رہنمائی کی ہے۔ اپنی روایات اور ثقافتی تجربات کو بنیاد بنا کر ہندوستان جدید موسمیاتی چیلنجز کا حل پیش کر رہا ہے اور انسانیت کی اجتماعی کوششوں کی اپیل کر رہا ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد پر این جی ٹی کے عہدیداروں اور اس سے وابستہ افراد کو مبارکباد دی۔