تاثیر 08 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گیس گودام بال بال بچا، فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) مقامی بلاک حلقہ کے بھرواڑہ نگر پنچایت کے وارڈ نمبر 8 میں بھرواڑہ بھگوتی پور سڑک کنارے واقع اسجد رضا بھارت گیس ایجنسی دیہی ڈسٹری بیوٹر کے دفتر میں منگل کی صبح شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے دفتر میں رکھے دو لیپ ٹاپ، ڈیسک ٹاپ، اے سی، انورٹر، بیٹری، فرنیچر، ضروری کاغذات سمیت دو سو سے زائد ریگولیٹر جل کر خاکستر ہوگئے۔ایجنسی کے آپریٹر کے مطابق آتشزدگی میں چار لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سامان کے نقصان کا اندازہ ہے۔ گیس ایجنسی کے آپریٹر عبدالسبحان خان نے بتایا کہ منگل کی صبح گیس ڈسٹری بیوٹر گوپال جھا سلنڈر لینے کے لیے دفتر پہنچے تھے۔ اسی دوران انہیں کمرے سے کچھ جلنے کی بو محسوس ہوئی۔ انہوں نے فوری طور پر موبائل فون کے ذریعے آپریٹر کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی آپریٹر موقع پر پہنچے اور دفتر کھول کر دیکھا تو اندر سامان میں آگ لگی ہوئی تھی۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی وہاں افراتفری مچ گئی۔ لوگوں نے فوری طور پر دفتر میں رکھے فائر ایکسٹنگوئشر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ اور سنگھواڑہ تھانہ کو واقعے کی اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا۔بتایا گیا کہ دفتر سے محض 20 فٹ کی دوری پر گیس سلنڈر کا گودام واقع ہے۔ وقت رہتے آگ پر قابو پا لیے جانے سے گیس گودام محفوظ بچ گیا، ورنہ آگ وہاں تک پہنچنے کی صورت میں بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ دفتر میں لگے انورٹر کے بجلی کے پلگ میں شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ آتشزدگی سے ہوئے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے

