تاثیر 08 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 8 ستمبر: دہلی ہائی کورٹ نے دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) کے تمام کالجوں میں طلبہ کے لیے ہاسٹل کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر فوری سماعت سے انکار کر دیا ہے۔منگل کو وکیل ومل تیاگی نے چیف جسٹس ڈی کے اپادھیائے کی سربراہی والی بنچ کے سامنے اس معاملے کو پیش کرتے ہوئے آج ہی سماعت کرنے کی درخواست کی۔ اس پر بنچ نے کہا کہ عدالت آج اس معاملے میں کوئی عبوری حکم جاری نہیں کر سکتی۔عدالت نے کہا کہ درخواست گزار اس معاملے میں مفادِ عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) داخل کرے، جس کے بعد یہ خود بخود فہرست میں شامل ہو جائے گی۔ عدالت نے درخواست گزار سے کہا کہ ستیہ نکیتن میں پی جی عمارت کے منہدم ہونے کے معاملے کی سماعت 7 ستمبر کو ہی ہوئی تھی، جبکہ اس عرضی پر بدھ کو سماعت کی جائے گی۔بنچ نے واضح کیا کہ بدھ کا دن مفادِ عامہ کی عرضیوں کی سماعت کے لیے مقرر ہے۔ عدالت نے وکیل سے کہا کہ وہ عرضی داخل کریں، اسے بدھ کے روز خود بخود سماعت کے لیے فہرست میں شامل کر لیا جائے گا۔عدالت نے وکیل ومل تیاگی سے یہ بھی پوچھا کہ آیا اس معاملے میں کوئی عبوری حکم جاری کیا جا سکتا ہے۔

