گوئل نے امریکی صنعت کاروں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی

تاثیر30 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن، 30 ستمبر: مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے وسکونسن کے ملواکی میں جی20 تجارتی اجلاس سے الگ امریکی صنعت کاروں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تعاون کی دعوت دی۔ گوئل نے ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ نیشنل ایسوسی ایشن آف مینوفیکچررز (این اے ایم) کی میٹنگ میں انہوں نے ہندوستان اور امریکہ کے اقتصادی تعلقات میں مضبوط رفتار کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے صنعتی شعبے اور ہنرمند افرادی قوت کو اجاگر کیا۔گوئل نے منگل کی دیر شام وسکونسن کے ملواکی میں جی-20 تجارتی وزارتی اجلاس سے الگ این اے ایم کی جانب سے منعقدہ کاروباری گول میز کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس میں امریکہ بھر سے چھوٹے اور بڑے مینوفیکچرنگ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ گوئل دیر شام امریکہ کے شکاگو پہنچے۔وزیر تجارت و صنعت نے اپنے خطاب میں ہندوستان اور امریکہ کے مضبوط اقتصادی تعلقات کے ساتھ ہندوستان کے بڑھتے ہوئے صنعتی شعبے اور ہنرمند افرادی قوت پر زور دیا۔ انہوں نے امریکی صنعت کاروں کو ہندوستان میں اپنی موجودگی بڑھانے، ہندوستانی چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کے ساتھ شراکت داری کرنے اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کی دعوت دی، تاکہ مضبوط سپلائی چین قائم کی جا سکے اور دونوں معیشتوں کے لیے قدر پیدا ہو۔