درگا پوجا فرضی پاس گھوٹالہ: 16 گھنٹے کی چھاپہ ماری کے بعد ای ڈی نے سابق وزیر اندرنیل سین کو طلب کیا

تاثیر30 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 30 ستمبر: مغربی بنگال کے سابق سیاحت وزیر اندرنیل سین کی مشکلات بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔ منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں ان کی رہائش گاہ پر 16 گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والی چھاپہ ماری اور تلاشی مہم کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اب انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔ گلوکار سے سیاست دان بننے والے اندرنیل سین کو بدھ کی صبح 11 بجے کولکاتا کے سالٹ لیک میں واقع مرکزی تفتیشی ایجنسی کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم خبر لکھے جانے تک وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
اس سے قبل منگل کو ای ڈی کے مختلف دستوں نے ایک ساتھ 10 مقامات پر چھاپہ ماری اور تلاشی مہم چلائی تھی۔ ان میں جنوبی کولکاتا کے قصبہ علاقے میں واقع اندرنیل سین اور ان کی اہلیہ مدھوچھندا سین کی رہائش گاہ بھی شامل تھی۔ اس کے علاوہ سین کے کچھ قریبی رشتہ داروں اور ایک ایونٹ مینیجر اریجیت داس گپتا کے ٹھکانوں پر بھی تحقیقاتی ایجنسی نے تفصیلی تلاشی لی۔سابق وزیر اور ان کی اہلیہ پر بنیادی الزام یونیسکو کے نام کا غلط استعمال کرتے ہوئے درگا پوجا کے درشن اور پوجا پنڈالوں کی پری ویو سیر کے نام پر ’جعلی پاس‘ فروخت کرنے کا ہے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں اس گھوٹالے کی مالیت تقریباً 60 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ 2021 میں کولکاتا کی درگا پوجا کو یونیسکو کی جانب سے بین الاقوامی ثقافتی ورثے کی شناخت ملی تھی۔ الزام ہے کہ اس کے فوراً بعد ’ماس آرٹ‘ نامی ایک تنظیم قائم کی گئی، جس نے خود کو یونیسکو کا ’آفیشل پارٹنر‘ ہونے کا جھوٹا دعویٰ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق وزیر کی اہلیہ مدھوچھندا سین اس تنظیم کی سرگرمیوں سے قریبی طور پر وابستہ تھیں۔