تاثیر 23 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 23 ستمبر: انتخابی فہرستوں کی خصوصیجامع نظر ثانی (ایس آئی آر) پر الیکشن کمیشن کے اندر مبینہ اختلافات اور دو الیکشن کمشنروں کی طرف سے دائر اعتراضات کی اطلاعات کے درمیان، الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز اس طرح کے اختلافات کو فیصلہ سازی کے عمل کا فطری حصہ قرار دیا۔ کمیشن نے کہا کہ کسی بھی جمہوری اور آئینی ادارے میں بات چیت کے دوران مختلف آراء، اعتراضات اور تکنیکی تجاویز پیش کرنا عام انتظامی طریقہ کار کا حصہ ہے۔ اس کے تمام پالیسی اور انتظامی فیصلے مکمل کمیشن کے اتفاق رائے سے لیے گئے ہیں۔
کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر پی پون کی طرف سے جاری پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ مسودے کے مرحلے پر اراکین کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات، تبصرے اور تجاویز حتمی فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ ہیں۔ ان کا مقصد رائے دہندگان کے حقوق کا تحفظ اور انتخابی عمل کو بہتر بنانا ہے۔ کمیشن کے مطابق تین الیکشن کمشنروں سمیت ہر افسر کو انتخابی نظام کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز دینے کا حق حاصل ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 324 کے تحت ایک کثیر رکنی آئینی ادارے کے طور پر کام کرتا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ تحریری نوٹ، تبصرے، تکنیکی تجاویز اور داخلی چیک اینڈ بیلنس شفافیت، قانونی تعمیل اور آپریشنل درستگی کو یقینی بنانے کے لیے اس کے باقاعدہ نظام کا حصہ ہیں۔
کمیشن نے کہا کہ اس کے تمام سرکاری احکامات، فیصلے اور انتظامی ہدایات چیف الیکشن کمشنر اور دیگر الیکشن کمشنرز (تقرری، سروس کے شرائط اور عہدے کی میعاد) ایکٹ 2023 کے تحت مقرر کردہ طریقہ کار کے مطابق لی جاتی ہیں۔ پچھلے 10 مہینوں کے کچھ اندرونی نوٹ یا مشاہدات پیش کرکے اس کے وسیع تر فیصلہ سازی کے عمل کا اندازہ لگانا پوری تصویر کا صرف ایک حصہ پیش کرتا ہے۔
کمیشن نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں کئی اصلاحات کی گئی ہیں جن میں انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی، خصوصی جامع نظر ثانی (ایس آئی آر) اور تقریبا 40 نئے اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔ یہ تمام فیصلے گزشتہ سال کے دوران مکمل کمیشن کے متفقہ فیصلوں کا نتیجہ ہیں۔

